نیتن یاہو،اماراتی صدر ملاقات میں 10 ممالک کے نمائندے شریک تھے، اسرائیلی میڈیا؛ سعودیہ کی تردید
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کے درمیان ابوظبی میں ہونے والی توسیعی ملاقات میں 10 ممالک کے نمائندوں کی شرکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اماراتی ذرائع نے بتایا کہ یہ ملاقات دو مراحل میں ہوئی۔ پہلے مرحلے میں نیتن یاہو اور شیخ محمد بن زاید کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق دوسرے مرحلے میں ہونے والے توسیعی اجلاس میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ امریکا، سعودی عرب، مراکش، مصر، کویت، بحرین، لیبیا اور عمان کے نمائندے شریک ہوئے۔
تاہم رپورٹ سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے ابوظبی میں ہونے والی اس ملاقات میں اپنی شرکت کی تردید کر دی۔
اماراتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سیکیورٹی اور انٹیلی جنس تعاون کو مزید مضبوط بنانے، جبکہ مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی دفاعی نظام تشکیل دینے پر بات چیت کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اجلاس کے دوران ایران اور یمن کے حوثی گروپ سے متعلق اقدامات، سعودی عرب کو سیکیورٹی اور انٹیلی جنس معاونت فراہم کرنے اور نئے علاقائی اتحاد کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق شرکاء نے آبنائے ہرمز سے گریز کرتے ہوئے تیل کی ترسیل کے لیے متبادل راستہ قائم کرنے کے امکان پر بھی گفتگو کی۔