ہر مسئلے کا الزام والدین پر ڈالنا ایک عام رجحان بنتا جا رہا ہے، فرح سعدیہ
اداکارہ اور میزبان فرح سعدیہ نے بچپن کے صدمات اور زندگی کے مسائل کا مکمل ذمہ دار والدین کو قرار دینے کے بڑھتے رجحان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
فرح سعدیہ نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کہا کہ آج کل ہر مسئلے کا الزام والدین پر ڈالنا ایک عام رجحان بنتا جا رہا ہے، حالانکہ ہر معاملے میں والدین کو قصوروار قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص اپنی غلطیوں اور فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے مسلسل والدین کو موردِ الزام ٹھہراتا رہے تو اس رویے میں خود پسندی کی خصوصیات پیدا ہو سکتی ہیں۔
اداکارہ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ذہنی صحت سے متعلق مسائل والدین میں بھی موجود ہو سکتے ہیں اور بعض حالات میں ان کا رویہ بچوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
فرح سعدیہ کے مطابق ہر خاندان اور صورتحال مختلف ہوتی ہے، اس لیے کسی بھی مسئلے کو صرف ایک ہی زاویے سے نہیں دیکھا جا سکتا۔
سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بیان پر مختلف ردعمل دیا۔ کچھ افراد نے ان کے مؤقف سے اتفاق کیا، جبکہ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ والدین کے رویوں سے پیدا ہونے والے بچپن کے صدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔