Entertainment

معروف اداکار احد رضا میر کا شوبز سے بریک لینے کا اعلان

معروف اداکار احد رضا میر کا شوبز سے بریک لینے کا اعلان
۱ دن پہلے

پاکستانی اداکار احد رضا میر نے اگلے سال شوبز انڈسٹری سے وقفہ لینے کا اعلان کردیا، جس کے بعد مداحوں کی جانب سے ان کے فیصلے کی مختلف وجوہات پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

 

احد رضا میر کے ایک لائیو سیشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، جس میں اداکار نے بتایا کہ وہ آئندہ سال کچھ عرصے کے لیے شوبز سے دور رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

 

مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے احد رضا میر نے کہا کہ انہوں نے اپنے اس فیصلے کے بارے میں پہلے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کے مداح ان کی غیر موجودگی کے لیے تیار رہیں۔

 

اداکار کے مطابق وہ مکمل طور پر منظر سے دور ہوجائیں گے، اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاریں گے اور انسٹاگرام سمیت سوشل میڈیا سے بھی فاصلے پر رہیں گے۔

 

احد رضا میر نے اپنے اس فیصلے کو ’’نیم ریٹائرمنٹ‘‘ قرار دیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں سے ایک طویل وقفہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

 

ان کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آرہے ہیں۔ بعض مداحوں نے قیاس کیا کہ شاید اداکار شادی کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، جبکہ کچھ صارفین کے مطابق گزشتہ دو برس سے مسلسل کام کرنے کے بعد احد رضا میر نے آرام اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

ایک مداح نے امید ظاہر کی کہ احد رضا میر جہاں بھی جائیں گے، بالآخر اپنے مداحوں کے پاس واپس ضرور آئیں گے۔

 

ایک اور صارف نے کہا کہ اداکار کے وقفے پر جانے کے بعد شاید احد رضا میر اور اقرا عزیز کی اسکرین جوڑی کو دوبارہ دیکھنے کی خواہش مزید مؤخر ہوجائے۔

 

کچھ مداحوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ممکن ہے مستقبل میں احد رضا میر کو کوئی ایسا بہترین اسکرپٹ مل جائے جو انہیں شوبز میں جلد واپسی پر مجبور کردے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں