روایتی ٹی وی ہیرو نہیں بننا چاہتا: حارث وحید
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حارث وحید نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی ڈراموں کے روایتی ہیرو کے کردار تک محدود نہیں رہنا چاہتے بلکہ اپنی اداکاری کے ذریعے ٹی وی ہیرو کی ایک منفرد شناخت بنانا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ ایسے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں جن میں حقیقت، تفریح اور گہرائی ہو تاکہ ناظرین ان سے جڑنے کے ساتھ ان پر غور بھی کریں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں حارث وحید نے کہا کہ ان کی اداکاری کا انداز بدل چکا ہے اور وہ ایسے کرداروں کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں جو روایتی کرداروں سے مختلف ہوں۔ ان کے مطابق کردار میں حقیقت اور گہرائی پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ وہ ناظرین پر اثر چھوڑ سکے۔
اداکار نے کہا کہ کوئی اداکار صرف اسکرپٹ یا ہدایت کار پر انحصار نہیں کرسکتا بلکہ کردار کو دلچسپ اور مؤثر بنانا خود اداکار کی بھی ذمے داری ہے۔
حارث وحید نے کہا کہ وہ کمرشل طور پر کامیاب اور مشکل، دونوں طرح کے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں اور خود کو کسی ایک مخصوص قسم کے کردار تک محدود نہیں رکھنا چاہتے۔
انہوں نے پاکستانی ڈراموں میں محبت کے نام پر زہریلے رویوں کی عکاسی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق ریٹنگز کی دوڑ کے باعث مشکل اور بہتر کرداروں کے لیے گنجائش محدود ہوجاتی ہے۔
حارث وحید کا کہنا تھا کہ وہ کسی کردار کو صرف اچھا یا برا سمجھ کر نہیں نبھاتے بلکہ اس کی پیچیدگی کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک ہر انسان میں بہتری اور نجات کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔