اداکار امیتابھ بچن شوٹنگ کے دوران گر کر زخمی ہوگئے
بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی ایک حالیہ قسط میں انکشاف کیا ہے کہ شوٹنگ کے دوران گرنے سے ان کے گھٹنے پر چوٹ آئی ہے۔ ان کی گفتگو کے بعد پروگرام میں موجود ناظرین بھی ان کی صحت کے حوالے سے فکرمند دکھائی دیے۔
امیتابھ بچن نے پروگرام کے آغاز میں بتایا کہ گزشتہ روز ریکارڈنگ کے دوران ان کا پاؤں پھسل گیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ گر پڑے اور ان کے گھٹنے پر چوٹ لگ گئی۔ انہوں نے اپنے بائیں گھٹنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ناظرین کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
امیتابھ بچن عام طور پر پروگرام کا ابتدائی مونولاگ کھڑے ہو کر کرتے ہیں، تاہم چوٹ کے باعث اس مرتبہ انہوں نے یہ حصہ بیٹھ کر کرنے کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمی گھٹنے کی وجہ سے کھڑے ہونے میں انہیں کچھ دشواری محسوس ہورہی ہے۔
اداکار نے فوری طور پر واضح کیا کہ چوٹ زیادہ سنگین نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ امیدواروں کے ساتھ پروگرام کی میزبانی کے لیے کھڑے ہوں گے، تاہم ابتدائی مونولاگ کے دوران بیٹھنا ان کے لیے زیادہ آسان ہے۔