Pakistan
اے آئی سے والد کو زہر دینے کا طریقہ پوچھنے والا ملزم جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
اے آئی سے والد کو زہر دینے کے طریقے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے مقدمے میں عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ملزم کو لاہور کی عدالت میں پیش کیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ کیا ملزم کے والد کو اس معاملے پر کوئی اعتراض ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ والد کو کوئی اعتراض نہیں اور ملزم ان کا اکلوتا بیٹا ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کے والد نے بیان دیا کہ ان کا بیٹا مختلف موضوعات پر تحقیق کرتا رہتا ہے۔
این سی سی آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔