Pakistan

خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی؟ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف آپشنز پر غور

خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی؟ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف آپشنز پر غور
۵ گھنٹے پہلے

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنے سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزراء اور اہم حکام نے شرکت کی، جس میں ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس میں سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی، جبکہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے اعلان اور بیک ڈور رابطوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

 

اجلاس میں خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں آئین کے آرٹیکل 233 اور 234 سے متعلق آرا بھی لی گئیں۔

 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کا امکان ہے، جس میں خیبرپختونخوا کی صورتحال اور ممکنہ آئینی اقدامات پر بات چیت کی جا سکتی ہے۔

 

وفاقی وزراء کا مؤقف ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت سیاسی مقاصد کو ترجیح دے رہی ہے اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اداروں کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔

 

دوسری جانب وزیراعلیٰ ہاؤس نے وفاقی وزراء کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے کسی بھی اقدام کے باوجود لانگ مارچ ہر صورت ہوگا۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے بھی پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو خط لکھ کر لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں