مری سکول وین حادثے میں جھلسنے والی 11 سالہ عائشہ انتقال کر گئی،2 بچوں کی حالت تشویشناک
مری میں سکول وین حادثے کے دوران جھلس کر زخمی ہونے والی 11 سالہ بچی عائشہ ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی میں دورانِ علاج دم توڑ گئی۔
حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا، جبکہ ہولی فیملی اسپتال میں زیرِ علاج مزید تین بچوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز مری کے علاقے موہڑہ بڑا ہوتر میں اسکول وین گہری کھائی میں جاگری تھی، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے نتیجے میں 11 بچے زخمی اور جھلس گئے تھے۔
زخمی بچوں میں سے 7 کو سول ہسپتال مری جبکہ 4 بچوں کو ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔
ہولی فیملی اسپتال میں زیرِ علاج 14 سالہ عائشہ دختر کلیم کا جسم 45 فیصد تک جھلس گیا تھا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکی۔
عائشہ کا 11 سالہ بھائی عبداللہ بھی اسپتال میں زیرِ علاج ہے، جس کا جسم 5 فیصد جھلسا ہے۔ اس کے علاوہ ارحم ولد علی نواز، عمر 8 سال، کا جسم 60 فیصد جبکہ حسن ولد طالب، عمر 8 سال، کا جسم 28 فیصد تک جھلس چکا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق چاروں بچے ہولی فیملی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ہولی فیملی اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اعجاز بٹ نے بتایا کہ عائشہ کو بچانے کی ڈاکٹروں نے بھرپور کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔