علیزے شاہ کا شاہویر کادوانی کے ڈیبیو پر مبینہ طنز
معروف اداکارہ علیزے شاہ نے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی کے بیٹے شاہویر کادوانی کے ڈراما انڈسٹری میں حالیہ ڈیبیو سے جوڑی جانے والی ایک پوسٹ شیئر کرکے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
علیزے شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک میم شیئر کی، جس میں اداکار رنبیر کپور کی تصویر کے ساتھ ’بالی ووڈ نیپو کڈز‘ جبکہ دوسری جانب ایک کارٹون نما تصویر کے ساتھ ’پاکستانی نیپو کڈز‘ لکھا ہوا تھا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں براہ راست کسی کا نام نہیں لیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسے شاہویر کادوانی کے حالیہ ڈیبیو سے جوڑا گیا۔
علیزے شاہ کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ بعض صارفین نے اداکارہ کے مؤقف سے اتفاق کیا، جبکہ متعدد صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نئے اداکار کو اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے اور خود کو ثابت کرنے کے لیے وقت دیا جانا چاہیے۔