70 برس کی ہوں، کبھی اپنی عمر ظاہر کرنے میں جھجک محسوس نہیں کی،بشریٰ انصاری
معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی عمر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ 70 برس کی ہوچکی ہیں اور انہیں اپنی عمر ظاہر کرنے میں کبھی جھجک محسوس نہیں ہوئی۔
ایک حالیہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ اپنی عمر سب کو فخر کے ساتھ بتاتی ہیں اور عمر چھپانے کو ضروری نہیں سمجھتیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ایک مرتبہ کسی شخص نے ان سے سوال کیا کہ وہ اپنی عمر لوگوں کو کیوں بتاتی ہیں، جس پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ وہ اپنی عمر چھپا کر آخر کیا حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ 70 برس کی عمر ہوجانا کوئی منفی بات نہیں۔ اگر کوئی شخص 70 برس کی عمر میں 50 سال کا دکھائی دے تو یہ دراصل خوشی کی بات ہے۔
انہوں نے اپنی جسمانی ساخت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زندگی بھر کم وزن کے ساتھ زندگی گزاری۔ اداکارہ کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے کی وجہ سے ماضی میں لوگ انہیں اکثر پتلی اور کمزور کہتے تھے، تاہم اب وہ سمجھتی ہیں کہ کم وزن ہونا ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔