باؤنسر پرگیند باؤنڈری سے باہر جا گری،امپائر نے چھکے کی بجائے وائیڈ قرار دے دیا
کرکٹ کی تاریخ میں ایک غیر معمولی منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب ایسی گیند باؤنڈری کے پار جا پہنچی جسے بلے نے چھوا تک نہیں، تاہم امپائرز نے اسے چھکا قرار دینے کے بجائے وائڈ بال قرار دے دیا۔
یہ واقعہ کینیڈا سپر 60 کے سیمی فائنل میں ٹورنٹو سکسیرز اور مسی ساگا ماسٹرز کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا۔ فاسٹ بولر علی خان نے کیرون پولارڈ کو باؤنسر کرائی جو بلے سے ٹکرائے بغیر وکٹ کیپر کے سر کے اوپر سے گزرتی ہوئی باؤنڈری لائن کے پار جا پہنچی۔
گیند باؤنڈری کے پار جاتے ہی شائقین نے اسے چھکا سمجھ کر جشن منانا شروع کردیا، تاہم امپائرز نے فیصلہ دیا کہ گیند پولارڈ کے بیٹ سے نہیں لگی۔ اسے وائڈ قرار دیتے ہوئے باؤنڈری کے 4 اضافی رنز بھی دیے گئے۔
یوں ٹورنٹو سکسیرز کو ایک ہی گیند پر مجموعی طور پر 5 رنز مل گئے۔اس غیر معمولی واقعے نے کینیڈا سپر 60 میں میدان کی نسبتاً مختصر باؤنڈری پر بھی توجہ مرکوز کردی۔
10 اوورز کے اس مختصر فارمیٹ میں باؤنڈری قریب ہونے کے باعث ایسی باؤنسر بھی بیٹ سے ٹکرائے بغیر باؤنڈری تک پہنچ گئی جو عام طور پر بلے باز کے لیے مشکل گیند سمجھی جاتی ہے۔