3 سال میں 5 کپتان تبدیل، ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت میں تبدیلیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی20 کپتان کو ایک مرتبہ پھر ہٹا کر نیا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ ٹی20 ٹیم کی قیادت میں گزشتہ 3 سال سے مسلسل جاری تبدیلیوں کا یہ سلسلہ 2026 میں بھی نہ تھم سکا۔
تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ کسی ایسے کپتان پر مستقل اعتماد قائم نہیں کر سکا جسے طویل مدت کے لیے ٹیم کی قیادت سونپی جا سکے۔
نومبر 2023 میں بابر اعظم کے تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے مستعفی ہونے کے بعد اکتوبر 2026 تک پاکستان ٹی20 ٹیم کی قیادت 5 مختلف کپتانوں کے ہاتھوں میں جا چکی ہے۔
2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد بابر اعظم نے 15 نومبر 2023 کو تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
بابر اعظم کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا، تاہم ان کی کپتانی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی۔
مارچ 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے قبل شاہین شاہ آفریدی کو قیادت سے ہٹا کر بابر اعظم کو دوبارہ پاکستان ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا۔
لیکن بابر اعظم کا دوسرا دورِ کپتانی بھی زیادہ طویل ثابت نہ ہوا۔ اکتوبر 2024 میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر وائٹ بال ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔
27 اکتوبر 2024 کو محمد رضوان کو پاکستان کی ون ڈے اور ٹی20 دونوں ٹیموں کا کپتان مقرر کیا گیا، جبکہ سلمان علی آغا کو نائب کپتان کی ذمہ داری دی گئی۔
مارچ 2025 میں پی سی بی نے ٹی20 ٹیم کی قیادت میں ایک اور تبدیلی کرتے ہوئے سلمان علی آغا کو مستقل ٹی20 کپتان مقرر کر دیا۔
تاہم تقریباً ڈیڑھ سال بعد ٹی20 قیادت ایک بار پھر تبدیل کر دی گئی۔ 5 اکتوبر 2026 کو پی سی بی نے اعلان کیا کہ صاحبزادہ فرحان سری لنکا کے خلاف 3 ٹی20 میچز کی سیریز میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔
نومبر 2023 سے اکتوبر 2026 تک پاکستان کی ٹی20 کپتانی کا سفر کچھ یوں رہا: بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا اور صاحبزادہ فرحان۔
یوں صرف 3 برس کے دوران پاکستان کی ٹی20 ٹیم میں 5 مختلف کپتان تبدیل ہوئے، جبکہ بابر اعظم کو اس عرصے میں ایک مرتبہ کپتانی چھوڑنے کے بعد دوبارہ یہ ذمہ داری سنبھالنے اور پھر دوبارہ مستعفی ہونے کا تجربہ بھی ہوا۔
کپتانی میں یہ اتار چڑھاؤ صرف ٹی20 فارمیٹ تک محدود نہیں رہا۔ اکتوبر 2024 میں محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا، تاہم اکتوبر 2025 میں پی سی بی نے شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے کپتان مقرر کرکے محمد رضوان کی جگہ لے لی۔