Sports

ہیڈ کوچ جارج جیسس کی موجودگی میں پرتگال کی ٹیم میں واپس نہیں آؤں گا،رونالڈو

ہیڈ کوچ جارج جیسس کی موجودگی میں پرتگال کی ٹیم میں واپس نہیں آؤں گا،رونالڈو
۱۵ گھنٹے پہلے

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بننے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، تاہم ان کی ممکنہ واپسی کا تعلق موجودہ ہیڈ کوچ جارج جیسس کے مستقبل سے جوڑا جا رہا ہے۔

 

 ایک  رپورٹ کے مطابق 41 سالہ رونالڈو اب بھی پرتگال کی نمائندگی کرنے کے خواہش مند ہیں، لیکن وہ جارج جیسس کی موجودگی میں قومی ٹیم میں واپس نہیں آنا چاہتے۔ کوچ کی تبدیلی کی صورت میں رونالڈو کے دوبارہ ٹیم کا حصہ بننے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

 

رونالڈو حال ہی میں پرتگال کے قومی ٹیم کیمپ سے الگ ہوگئے تھے، جس کے بعد ان کے بین الاقوامی کیریئر کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے۔ رپورٹس کے مطابق کھلاڑی اور کوچ کے درمیان اختلافات نے صورتحال کو مزید پیچیدہ کیا۔

 

دوسری جانب جارج جیسس نے رونالڈو کی واپسی کے امکانات کو مسترد نہیں کیا۔ پریس کانفرنس میں اس حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں واپسی کا حتمی فیصلہ رونالڈو کو خود کرنا ہے اور آئندہ کھلاڑیوں کے انتخاب سے پہلے دونوں کے درمیان بات چیت ہوسکتی ہے۔

 

جارج جیسس نے یہ بھی کہا کہ وہ رونالڈو کو ٹیم کے قریب دیکھنا چاہتے ہیں، چاہے وہ میدان میں کھیلیں یا نہ کھیلیں۔

 

پرتگال فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا بھی اس صورتحال سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے رونالڈو اور کوچ کے درمیان معاملے کو ایک غلط فہمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے اندرونی طور پر حل کیا جانا چاہیے۔

 

پیڈرو پروینسا نے رونالڈو کی پرتگالی فٹبال کے لیے طویل خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی علامت اور فخر ہیں اور فٹ ہونے کی صورت میں ہمیشہ قومی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ رونالڈو کے لیے پرتگال کی نمائندگی محض ملازمت نہیں بلکہ اپنے ملک سے گہری وابستگی کا اظہار ہے، اسی وجہ سے انہوں نے ورلڈ کپ کے بعد بھی اپنا بین الاقوامی کیریئر جاری رکھا۔

 

رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی اب بظاہر جارج جیسس کے مستقبل سے جڑی ہوئی ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ دونوں کے درمیان اختلافات کس طرح ختم ہوں گے اور آیا وہ مستقبل میں دوبارہ ایک ساتھ کام کرسکیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں