Pakistan

اڈیالہ جیل میں بجلی بند،ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی

اڈیالہ جیل میں بجلی بند،ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی
۱۰ گھنٹے پہلے

اڈیالہ جیل میں بجلی کی بندش کے باعث ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہ کیا جاسکا، جس کے نتیجے میں دونوں کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر ہوگئی۔

 

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کی آمد کے موقع پر روٹ توڑنے اور لوگوں کو اشتعال دلانے کے الزام میں درج مقدمے کی سماعت کی۔ پراسیکیوٹر راجا نوید اور ملزمان کے جونیئر وکلا عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ مرکزی وکلا ہائیکورٹ میں مصروف تھے۔

 

جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ مرکزی وکلا کی عدم موجودگی کے باعث چالان کی نقول فراہم کرکے آئندہ تاریخ مقرر کی جائے۔ تاہم جج نے واضح کیا کہ چالان کی نقول پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہیں اور آج فرد جرم عائد کی جانی تھی۔

 

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی، جس پر جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ وکالت ناموں پر دستخط ہوچکے ہیں اور عدالت کی کارروائی کو وکلا کی سہولت کے مطابق چلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عدالت نے مرکزی وکلا کو ساڑھے گیارہ بجے پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا۔

 

تاہم ساڑھے گیارہ بجے کے بعد بھی اڈیالہ جیل میں بجلی کی بندش کے باعث ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا، جس کے سبب فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔

 

جج طاہر عباس سپرا نے جیل حکام کو آئندہ سماعت پر دونوں ملزمان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے خبردار کیا کہ اگر ملزمان کو پیش نہ کیا گیا تو جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ عدالت نے جیل حکام کو ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ان کے وکلا سے ملاقات بھی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

 

عدالت نے مقدمے کی سماعت اگلے روز تک ملتوی کردی، جبکہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم آئندہ سماعت پر عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ دونوں کے خلاف مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں