Pakistan

پی ٹی آئی لانگ مارچ، پشاوراورایبٹ آباد میں میٹرک کے پرچے ملتوی

پی ٹی آئی لانگ مارچ، پشاوراورایبٹ آباد میں میٹرک کے پرچے ملتوی
۸ گھنٹے پہلے

پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک یعنی ایس ایس سی سالانہ دوم امتحانات 2026 کے 7 سے 10 اکتوبر تک ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیئے ہیں۔

 

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے کنٹرولر امتحانات کے مطابق ایس ایس سی سالانہ دوم اور اورینٹل لینگویجز امتحانات 2026 کے تحت 7، 8، 9 اور 10 اکتوبر کو ہونے والے تمام پرچے ملتوی کیے گئے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق 10 اکتوبر کے بعد ہونے والے پرچے پہلے سے جاری شدہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق مقررہ شیڈول پر ہوں گے۔

 

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد نے بھی نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایس ایس سی سالانہ دوم امتحانات، جو 7 اکتوبر سے شروع ہونا تھے، اب 12 اکتوبر 2026 سے شروع ہوں گے۔ 7 سے 10 اکتوبر تک کے تمام پرچے ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

 

ایبٹ آباد بورڈ کے ترجمان کے مطابق جماعت دہم کا پہلا پرچہ فزکس 12 اکتوبر کو مقررہ وقت پر ہوگا، جبکہ امتحانات 27 اکتوبر تک پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔

 

تمام امتحانی مراکز کے سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور امتحانی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 9 اکتوبر کو پریپریشن ڈے کے طور پر اپنے متعلقہ مراکز میں حاضری یقینی بنائیں۔

 

دونوں تعلیمی بورڈز کے مطابق ملتوی کیے گئے پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر توجہ نہ دیں اور امتحانات سے متعلق تازہ معلومات کے لیے متعلقہ بورڈز کے سرکاری ذرائع اور ویب سائٹس سے رجوع کریں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں