Breaking News

ایران تنازعے میں پاکستان کا کردار سراہتے ہیں،اقوام متحدہ پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی ہے،انتونیو گوتریس

ایران تنازعے میں پاکستان کا کردار سراہتے ہیں،اقوام متحدہ پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی ہے،انتونیو گوتریس
۹ گھنٹے پہلے

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقوں کا پاکستان پر اعتماد اہم ہے اور یہ پاکستان کی سفارتی ساکھ کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات میں سہولت کاری کے کردار کو بھی اقوام متحدہ نے سراہا ہے۔

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور کثیرالجہتی نظام، مذاکرات اور سفارت کاری کی اقدار کو برقرار رکھنے میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی اہلکاروں کی خدمات اور قربانیوں کو بھی سراہا۔

 

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کررہا ہے، اس کے باوجود عالمی امن کے لیے اس کی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔ انہوں نے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

 

گوتریس کا کہنا تھا کہ تنازعات کا حل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ممکن ہے اور اقوام متحدہ ایسے تمام اقدامات میں معاونت کے لیے دستیاب ہے جو امن اور سفارتی حل کی جانب لے جائیں۔

 

فلسطین کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ امن منصوبے پر فوری عملدرآمد ہونا چاہیے اور فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ یوکرین اور خلیج کے تنازعات کے دوران عالمی برادری کو فلسطین کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ گوتریس نے 7 اکتوبر کے حماس حملوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے پر بھی زور دیا۔

 

ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی اخراج میں کمی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان ممالک کو خصوصی طور پر اقدامات کرنا ہوں گے جو عالمی اخراج میں بڑا حصہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

پریس کانفرنس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دنیا کو اس وقت انتہائی پیچیدہ صورتحال کا سامنا ہے، جس میں ایران، امریکا، حوثیوں اور باب المندب سمیت متعدد علاقائی اور عالمی معاملات شامل ہیں۔

 

اسحاق ڈار نے کہا کہ مختلف تنازعات کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی متعدد قراردادیں موجود ہیں، تاہم اصل مسئلہ ان پر عملدرآمد کا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بھی اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

 

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی فوری مذمت کی تھی اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے واضح طریقہ کار ہونا چاہیے اور خلاف ورزی کی صورت میں مؤثر جواب دہی کا نظام بھی موجود ہونا چاہیے۔

 

انتونیو گوتریس 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، جس کے دوران علاقائی اور عالمی امن و سلامتی سمیت مختلف اہم امور پر بات چیت جاری ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں