فرانس کے بعد بیلجیئم میں بھی طلبا کے احتجاجی مظاہرے
فرانس کے بعد مشرقی بیلجیئم کے شہر لیج میں بھی طلبا نے تعلیمی نظام میں بہتری کے مطالبات کے لیے احتجاج شروع کردیا، جس کے بعد مقامی سکیورٹی اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں احتجاجی مقامات سے مجموعی طور پر 107 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتاریاں املاک کو نقصان پہنچانے اور آتش زنی سمیت مختلف الزامات کے تحت کی گئیں۔
بیلجیئم کے سرکاری الرٹ سسٹم نے تاجروں کو کاروبار معمول کے وقت سے پہلے بند کرنے کا مشورہ دیا، جبکہ شہر کا سینٹرل سٹیشن بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا، جس کے باعث ٹریفک اور شہریوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
پولیس نے شہریوں کو شہر کے مرکزی علاقے میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی، جبکہ احتجاجی مقامات پر شرکا کی روک تھام اور جانچ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
مظاہروں کا آغاز فرانسیسی زبان بولنے والے تعلیمی حکام کی جانب سے متعارف کرائے گئے اصلاحاتی منصوبوں کے خلاف ردعمل کے طور پر ہوا، جن میں ٹیوشن فیس بڑھانے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بیلجیئم میں فرانسیسی اور ڈچ دونوں کو سرکاری زبانوں کا درجہ حاصل ہے۔