کینیڈین شاعرہ این کارسن نے ادب کا نوبیل انعام جیت لیا
کینیڈین شاعرہ، مضمون نگار اور مترجم این کارسن نے 2026 کا نوبیل انعام برائے ادب اپنے نام کرلیا ہے۔
76 سالہ این کارسن شاعری، فکشن اور علمی تحقیق سمیت مختلف ادبی اصناف میں منفرد انداز کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں اور ان کے کام میں روایتی ادبی حدود سے ہٹ کر مختلف اسالیب کا امتزاج نمایاں ہے۔
نوبیل کمیٹی کے مطابق این کارسن کو جرات مندانہ اور تخلیقی ادبی کام پر اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا، بالخصوص اس انداز پر جس میں انہوں نے کلاسیکی روایات کے ساتھ مکالمہ کرتے ہوئے ادب میں نئے انداز اور اصناف متعارف کرائیں۔
این کارسن قدیم یونانی ادب کے کئی اہم کاموں کا انگریزی میں ترجمہ کرچکی ہیں اور 30 سال سے زائد عرصے تک کلاسیکی علوم کی پروفیسر بھی رہیں۔ ان کی تصانیف میں شاعری، نثر، ترجمہ اور کلاسیکی ادب کا مطالعہ ایک ساتھ نظر آتا ہے۔
ان کی معروف تصانیف میں 1998 میں شائع ہونے والی Autobiography of Red شامل ہے، جو نظموں کی صورت میں لکھا گیا ناول ہے اور قدیم یونانی اساطیر سے متاثر ہے۔
1986 میں شائع ہونے والی Eros the Bittersweet میں انسانی خواہش اور محبت کا فلسفیانہ و ادبی جائزہ پیش کیا گیا، جبکہ 2001 کی کتاب The Beauty of the Husband میں خوبصورتی، محبت اور شادی جیسے موضوعات کو زیرِ بحث لایا گیا، جس پر انہیں ٹی ایس ایلیٹ پرائز بھی ملا۔
اپنے بھائی کی وفات کی یاد میں این کارسن نے Nox کے نام سے کتاب تحریر کی، جسے ان کی انتہائی جذباتی تصانیف میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے قدیم یونانی شاعرہ ساپفو اور ڈرامہ نگار سوفوکلیز کے کاموں کے انگریزی تراجم بھی کیے ہیں۔
این کارسن کو نوبیل انعام کے ساتھ 12 ملین سویڈش کرونا کی رقم ملے گی، جو تقریباً 9 لاکھ پاؤنڈ یا 12 لاکھ امریکی ڈالر کے برابر ہے۔
واضح رہے کہ نوبیل انعام برائے ادب کسی ایک کتاب کے بجائے ادیب کے مجموعی ادبی کام اور زندگی بھر کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ ادب کے نوبیل انعام کا اعلان سویڈش اکیڈمی کرتی ہے، جبکہ طبیعیات، کیمیا اور معاشیات کے انعامات کا اعلان رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کی جانب سے کیا جاتا ہے۔