World

گلوبل رسک میپ: ایران، یمن، مصر اور سوڈان انتہائی خطرناک ممالک میں شامل

گلوبل رسک میپ: ایران، یمن، مصر اور سوڈان انتہائی خطرناک ممالک میں شامل
۴ گھنٹے پہلے

گلوبل رسک میپ نے 2027 کی عالمی درجہ بندی میں ایران، یمن، مصر اور سوڈان کو انتہائی خطرناک ممالک میں شامل کیا ہے، جبکہ سوئٹزر لینڈ، ناروے اور ڈنمارک کو دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں شمار کیا گیا ہے۔

 

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سکیورٹی فرم گلوبل گارڈین نے 2027 کا گلوبل رسک میپ جاری کیا ہے، جس میں دنیا بھر کے ممالک میں سکیورٹی اور خطرات کی صورتحال کا مختلف عوامل کی بنیاد پر جائزہ لیا گیا۔

 

درجہ بندی کے لیے جرائم، مسلح تنازعات، دہشت گردی، سیاسی بدامنی، صحت کی سہولیات، بنیادی ڈھانچے اور قدرتی آفات سمیت مختلف عوامل کو مدنظر رکھا گیا۔

 

رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا میں واقع کئی ممالک کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے، جن میں ایران، یمن اور سوڈان شامل ہیں۔ یوکرین کے ساتھ روسی سرحد سے ملحق کئی علاقوں کو بھی انتہائی خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے۔

 

سوئٹزر لینڈ، ناروے اور ڈنمارک کو کم ترین خطرے والے ممالک میں شامل کیا گیا، جبکہ برطانیہ اور امریکا کو درمیانے درجے کے خطرے والے ممالک قرار دیا گیا۔ امریکا اور میکسیکو کی سرحد کے قریب بعض علاقوں کو زیادہ خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے۔

 

خلیجی خطے میں اردن، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور عمان کو درمیانے درجے کے خطرے والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا۔

 

رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کو ڈکیتی، منظم جرائم اور بین المسالک تشدد کے باعث زیادہ خطرے والے ممالک میں رکھا گیا، جبکہ ایتھوپیا کو خانہ جنگی کے بعد خطرناک درجہ بندی میں شامل کیا گیا ہے۔

 

جنوبی امریکا میں وینزویلا، کولمبیا اور برازیل بھی اسی نوعیت کی خطرے والی کیٹیگری میں شامل کیے گئے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں