برطانوی رائل نیوی کا حاضر سروس اہلکار دوسرے ملک کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار
برطانوی پولیس نے رائل نیوی کے ایک حاضر سروس اہلکار پر ایک غیر ملکی طاقت کے لیے جاسوسی سے متعلق متعدد الزامات عائد کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق بیڈفورڈشائر سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ ٹیڈی ینگ کے خلاف نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں خفیہ معلومات حاصل کرنے سمیت متعدد الزامات شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حاصل کی جانے والی معلومات کسی نامعلوم غیر ملکی طاقت کے لیے فائدہ مند ہوسکتی تھیں۔
ٹیڈی ینگ کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اسے جمعرات کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
لندن میں انسدادِ دہشت گردی پولیس کی سربراہ کمانڈر ہیلن فلاناگن نے کہا کہ مسلح افواج کے حاضر سروس رکن کے خلاف سامنے آنے والے الزامات انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ ٹیڈی ینگ کے خلاف کارروائی کا تعلق رائل ایئر فورس کے اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ کے قریب پیش آنے والے حالیہ واقعے سے نہیں ہے۔ اس الگ واقعے میں اڈے کے نزدیک مشتبہ سرگرمی کی اطلاع پر متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق منگل کو اس معاملے میں ساتویں شخص کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات انسدادِ دہشت گردی پولیس کی جانب سے جاری ہیں۔
ٹیڈی ینگ کو منگل کے روز بیڈفورڈشائر میں واقع اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس پر عائد الزامات 26 نومبر 2024 سے 21 مئی 2025 کے درمیان کی مبینہ سرگرمیوں سے متعلق ہیں، جن میں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معلومات افشا کرنے کی تیاری سے متعلق اقدامات کا الزام بھی شامل ہے۔