یونان میں غیر قانونی داخلے پر 40 پاکستانی ڈی پورٹ، خصوصی پرواز سے اسلام آباد پہنچ گئے
یونان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے 40 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرکے خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔
ڈی پورٹ کیے گئے افراد کا تعلق منڈی بہاالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے جبکہ اسلام آباد کا صرف ایک شہری بھی اس فہرست میں شامل ہے۔ حکام کے مطابق تمام افراد لیبیا کے راستے غیر قانونی طور پر یونان پہنچے تھے، جہاں انہیں مختلف حراستی مراکز میں رکھا گیا۔
نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے تمام ڈی پورٹیز کے کیسز کا الگ الگ جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق بیشتر افراد قانونی طور پر ایئر روٹس کے ذریعے پاکستان سے بیرون ملک گئے تھے، تاہم بعد میں غیر قانونی طریقے سے یورپ پہنچنے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیے گئے۔
ڈی پورٹ کیے گئے افراد سے ان کے متعلقہ علاقوں میں ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیلز تحقیقات کریں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کی مدد سے سہولت کاروں کا سراغ لگا کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک سفر کے لیے صرف مستند اور قانونی طریقے سے سفری دستاویزات حاصل کریں۔ ملک کے ہوائی اڈوں پر چیکنگ کا عمل بھی سختی سے جاری ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق اسلام آباد سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر پری ویریفکیشن کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں مسافر سفر سے قبل اپنی سفری دستاویزات کی تصدیق کراسکتے ہیں۔