حکومت کا سود سے پاک حج سیونگ پلان متعارف کرانے کا فیصلہ
حکومت نے عازمین حج کی مالی منصوبہ بندی میں آسانی کے لیے سود سے پاک حج سیونگ پلان متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت مذہبی امور، وزارت خزانہ اور قومی بچت کے اشتراک سے حج سیونگ پلان کی تیاری پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سیکریٹری مذہبی امور کی زیر صدارت وزارت خزانہ اور مرکزی قومی بچت کے نمائندوں کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں حج سیونگ پلان کے خدوخال پر غور کیا گیا۔
مجوزہ پلان کے تحت عازمین حج ڈیجیٹل ذرائع سے ہر ماہ رقم جمع کراسکیں گے۔ اس میں بچت کی مدت کے انتخاب کے ساتھ فیملی ٹرانسفر کی سہولت بھی فراہم کرنے کی تجویز ہے۔
عازمین کو کسی بھی وقت بغیر کٹوتی اپنی جمع شدہ رقم واپس لینے کی سہولت دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ سیکریٹری مذہبی امور نے حج سیونگ پلان کے قواعد و ضوابط دو ماہ میں تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
اجلاس میں حج کے علاوہ عمرہ اور دیگر مذہبی زیارات کے لیے بھی سیونگ اسکیم متعارف کرانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق حج سیونگ پلان سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں عازمین کے لیے بروقت مالی منصوبہ بندی آسان ہوجائے گی۔ پلان کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔