وزیراعظم نے طالبہ لائبہ اعجاز کی خودکشی کا نوٹس لے لیا،ملزم کوفوری گرفتارکرنے کا حکم
اسلام آباد میں طالبہ لائبہ اعجاز کی خودکشی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لے لیا، جبکہ وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کو فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث کنسلٹنٹ کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے طالبہ کی موت کو انتہائی افسوس ناک واقعہ قرار دیتے ہوئے معاملے کی فوری اور مکمل تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ طالبہ کے ساتھ مبینہ طور پر فراڈ کیا گیا، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دے دی گئی ہے اور ڈی جی ایف آئی اے خود معاملے پر کام کر رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے بتایا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے طالبہ کے والدین سے بھی ملاقات کی ہے اور واقعے سے متعلق معلومات حاصل کی ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔