سعودی عرب جانے والی پروازیں غیر معمولی احتیاط برتیں،امریکا کا انتباہ
امریکی ہوا بازی کے ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے امریکی ایئرلائنز اور امریکی رجسٹریشن رکھنے والے طیاروں کو سعودی عرب آنے جانے یا سعودی فضائی حدود سے گزرنے کے دوران غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایت کردی ہے۔
ایف اے اے نے موجودہ صورتحال کو ممکنہ طور پر خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ خطرات ہر بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں کو متاثر کرسکتے ہیں، خواہ وہ سعودی فضائی حدود سے گزر رہے ہوں، لینڈنگ کی تیاری کررہے ہوں یا ٹیک آف کررہے ہوں۔
امریکی ہوا بازی کے ادارے کی یہ ہدایت 10 دسمبر تک مؤثر رہے گی۔
یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریاض انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتے اور اتوار کو ہونے والے حملوں کے بعد سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ان حملوں میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب سعودی دارالحکومت کے مرکزی ہوائی اڈے کی بندش میں بھی توسیع کردی گئی ہے۔ تازہ فضائی اطلاع (نوٹم) کے مطابق ایئرپورٹ پیر کی شام تک پروازوں کے لیے بند رہے گا۔