یوکرین میں روسی میزائل اور ڈرون حملے، کم از کم 32 افراد ہلاک
یوکرین میں روسی میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد جاں بحق جبکہ 100 کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ولادیمیر زیلنسکی نے حملوں کو روس کے ’’سب سے گھناؤنے حملوں‘‘ میں سے ایک قرار دیا ہے۔
سب سے زیادہ جانی نقصان شمالی چرنی ہیو کے علاقے پریلکی میں ہوا، جہاں ایک میزائل نے پانچ منزلہ رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔ یوکرینی حکام کے مطابق حملے میں پانچ بچوں سمیت 22 افراد جاں بحق جبکہ تقریباً 55 افراد زخمی ہوئے۔
یوکرینی حکام نے بتایا کہ دارالحکومت کیف میں رہائشی عمارتوں پر ہونے والے حملوں میں چار افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ایک مضافاتی علاقے میں ڈرون کا ملبہ گرنے سے مزید دو افراد ہلاک ہوگئے۔
زیلنسکی نے کہا کہ روس نے 70 میزائل داغے، جن میں کئی بیلسٹک میزائل بھی شامل تھے، جبکہ درجنوں ڈرونز بھی استعمال کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیلسٹک میزائل یوکرین کے لیے فضائی دفاع کا سب سے بڑا چیلنج بنے ہوئے ہیں اور انہوں نے مزید امریکی ساختہ پیٹریاٹ سسٹمز فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس کی افواج نے کیف اور دیگر علاقوں میں فوجی صنعتی تنصیبات پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق حملوں میں یوکرین کی دفاعی کمپنی فائر پوائنٹ اور کروز میزائلوں اور ڈرونز کی تیاری سے منسلک تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔