سوڈان میں مصری سرحد کے قریب سونے کی کان پر فضائی حملہ، 72 افراد ہلاک، 50 سے زائد زخمی
سوڈان میں مصر کی سرحد کے قریب سونے کی کان کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 72 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق فضائی کارروائی سوڈان اور مصر کے سرحدی علاقے میں واقع سونے کی کان پر کی گئی، جہاں بڑی تعداد میں مزدور کام کر رہے تھے۔
سوڈانی انسانی حقوق کی تنظیم ایمرجنسی لائرز نے حملے میں 72 کان کنوں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے، جبکہ بعض میڈیا رپورٹس میں زخمیوں کی تعداد 50 سے زیادہ بتائی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق متاثرہ علاقے میں صورتحال اور زخمیوں کی حالت کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد حملے کی مکمل تفصیلات اور اس کے ذمہ داروں کے بارے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ سوڈانی اور مصری حکام کی جانب سے تاحال واقعے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق رواں سال جون میں بھی سوڈان کے اسی سرحدی خطے میں سونے کی کان پر اسی نوعیت کا فضائی حملہ کیا گیا تھا، جس میں 23 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تازہ واقعے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی حتمی تعداد کی تصدیق کا عمل جاری ہے، جبکہ حملے کی ذمہ داری کا معاملہ بھی واضح نہیں ہو سکا۔