سعودی عرب کا حوثیوں کے خلاف اسرائیلی فوجی مدد لینے سے انکار
سعودی عرب نے یمن کے حوثی گروپ کے خلاف فوجی کارروائیوں میں اسرائیل کی شمولیت کی مبینہ پیشکش مسترد کر دی ہے۔ یہ دعویٰ اسرائیلی اخبار ہاریتز نے معاملے سے واقف ایک نامعلوم سفارتی ذریعے کے حوالے سے کیا ہے۔
اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے امریکی ثالثی کے ذریعے سعودی عرب کو فوجی تعاون پر آمادہ کرنے اور اس معاملے میں ریاض کی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس تجویز میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
ہاریتز کے مطابق ایک سفارتی ذریعے نے بتایا کہ سعودی ولی عہد کو خدشہ ہے کہ حوثیوں کے خلاف اسرائیل کے ساتھ فوجی تعاون کی صورت میں سعودی عوام کی جانب سے منفی ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسی خدشے کے باعث سعودی قیادت اسرائیلی فوجی معاونت حاصل کرنے کے حق میں نہیں ہے۔
اخبار نے معاملے سے آگاہ ایک دوسرے ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل اس مجوزہ فوجی تعاون کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنانے کا ایک موقع سمجھ رہا تھا۔
اسرائیلی حکام کو مبینہ طور پر امید تھی کہ حوثیوں کے خلاف مشترکہ فوجی تعاون دونوں ممالک کے درمیان روابط مضبوط کرنے کے ساتھ مستقبل میں سفارتی تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے کی راہ بھی ہموار کر سکتا ہے۔
تاہم یہ تمام دعوے اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ میں نامعلوم ذرائع سے منسوب کیے گئے ہیں اور سعودی حکومت نے مبینہ اسرائیلی پیشکش مسترد کیے جانے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
رپورٹ سامنے آنے کے بعد بھی سعودی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان اس وقت باضابطہ سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں۔
ریاض کا مؤقف رہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا معاملہ فلسطین کے مسئلے کے حل سے مشروط ہے، جس میں ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام بھی شامل ہے۔
اسرائیلی اخبار کی یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی عرب کو حوثیوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے حملوں کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں سعودی ایئرپورٹس کو بار بار نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہونے کے ساتھ فضائی آپریشن اور پروازوں کا نظام بھی متاثر ہوا۔
ان سکیورٹی حالات کے باوجود اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب حوثیوں کے خلاف اپنی فوجی کارروائیوں میں اسرائیل کو شامل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔