بنگلہ دیشی وکٹ کیپر لٹن داس نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا منفرد ریکارڈ قائم کر دیا
بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس نے منگل کو ٹیسٹ کرکٹ میں ایک منفرد عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ایک ہی میچ میں وکٹوں کے پیچھے 9 شکار کرنے کے ساتھ دونوں اننگز میں ففٹی اور سینچری بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
لٹن داس نے اس شاندار کارکردگی کے ذریعے جنوبی افریقہ کے سابق وکٹ کیپر ڈینس لنڈسے کا کئی دہائیوں پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
ڈینس لنڈسے نے 1966 میں آسٹریلیا کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 50 سے زیادہ رنز بنائے تھے اور وکٹوں کے پیچھے مجموعی طور پر 8 شکار کیے تھے۔
لٹن داس نے افغانستان کے بلے باز اکرام علی خیل کا کیچ تھام کر میچ میں اپنے شکار کی تعداد 9 تک پہنچائی اور یوں لنڈسے کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
اس کارنامے کے بعد بنگلہ دیشی وکٹ کیپر ایک ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ شکار کرنے کے عالمی ریکارڈ کے بھی قریب پہنچ گئے ہیں۔
فی الحال ایک ٹیسٹ میں بطور وکٹ کیپر 11 شکار کرنے کا مشترکہ عالمی ریکارڈ انگلینڈ کے جیک رسل، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز اور بھارت کے رشبھ پنت کے نام ہے۔
لٹن داس کو اس ریکارڈ کی برابری کے لیے مزید 2 جبکہ نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے مزید 3 شکار درکار ہیں۔
تجربہ کار وکٹ کیپر نے لنچ سے کچھ دیر پہلے عبادت حسین کی گیند پر اکرام علی خیل کا ڈائیو لگاتے ہوئے ایک ہاتھ سے شاندار کیچ پکڑا، جو 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس یادگار کیچ سے قبل بھی لٹن داس میچ کے دوران کئی بہترین کیچز اور سٹمپنگز کر کے اپنی وکٹ کیپنگ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے تھے۔
وکٹ کیپنگ کے علاوہ لٹن داس نے بلے بازی میں بھی غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے پہلی اننگز میں 53 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں 102 رنز کی شاندار سینچری سکور کی۔
ان کی عمدہ بلے بازی کی بدولت بنگلہ دیش نے افغانستان کو کامیابی کے لیے 479 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
بنگلہ دیش نے مجموعی برتری 478 رنز تک پہنچانے کے بعد اپنی دوسری اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 372 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔
زاید کرکٹ سٹیڈیم میں 479 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے افغانستان نے 85.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنا لیے۔
افغان بلے باز صدیق اللہ اٹل 235 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔
رحمت شاہ نے 51 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم انہیں بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر عبادت حسین نے آؤٹ کیا، جنہوں نے میچ میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔
افغانستان کی جانب سے شاہد اللہ نے 19 جبکہ اکرام علی خیل نے 33 رنز سکور کیے۔
افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی 20 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے، جبکہ عصمت عالم بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیشی بولرز افغانستان کی باقی وکٹیں حاصل کرنے کے لیے مسلسل دباؤ ڈال رہے تھے، جبکہ افغان ٹیم کو میچ بچانے یا مقررہ ہدف حاصل کرنے کے لیے سخت مشکلات کا سامنا تھا۔