ڈربن ٹیسٹ: ہیزل ووڈ کی کیریئر بیسٹ بولنگ، آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو 214 رنز سے ہرا دیا
آسٹریلیا نے ڈربن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں جوش ہیزل ووڈ کی کیریئر کی بہترین بولنگ کی بدولت جنوبی افریقا کو 214 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کر لی۔
جنوبی افریقی ٹیم کو کامیابی کے لیے 421 رنز کا مشکل ہدف ملا تھا، تاہم آسٹریلوی بولرز کے سامنے میزبان بلے باز زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے۔
اوپنر ایڈن مارکرام نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 237 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلی اور مجموعی طور پر 358 منٹ تک کریز پر موجود رہے، لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
جنوبی افریقا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 206 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ایڈن مارکرام کے 75 رنز کے علاوہ ڈیوڈ بیڈنگھم نے 46، مارکو جینسن نے 35 اور ویان ملڈر نے 29 رنز بنائے، جبکہ باقی کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا۔
آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 49 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین بولنگ رہی۔
ہیزل ووڈ نے میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور آسٹریلیا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی، جس میں میٹ رینشا 82 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
میچ کے آغاز میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 390 رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔
اس اننگز میں میٹ رینشا نے 190 رنز کی شاندار باری کھیل کر اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ویان ملڈر نے 4 وکٹیں حاصل کیں، مارکو جینسن نے 3، اینرک نورکیا نے 2 جبکہ سائمن ہارمر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 284 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، جس میں ڈیوڈ بیڈنگھم 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ڈربن ٹیسٹ میں 214 رنز کی کامیابی کے بعد آسٹریلیا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔