Pakistan

لائبہ اعجاز خودکشی کیس: ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول، ملزم کے مبینہ فراڈ کی نئی تفصیلات سامنے آ گئیں

لائبہ اعجاز خودکشی کیس: ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول، ملزم کے مبینہ فراڈ کی نئی تفصیلات سامنے آ گئیں
۲ گھنٹے پہلے

اسلام آباد میں گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کی تفتیشی ٹیم کو موصول ہو گئی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لائبہ کی موت پھندا لگنے کے باعث ہوئی۔ 

مزید تحقیقات کے لیے نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ فرانزک ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد تیار کی جائے گی۔ 

اس سے قبل پولیس نے لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات آگے بڑھانے کے لیے مقدمے کی بند ایف آئی آر دوبارہ کھول دی تھی۔ 

مقدمہ لائبہ کے والد کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 322 اور 34 کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے ان کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے۔ 

لائبہ کے والد نے الزام عائد کیا کہ نعمان نامی شخص نے ان کی بیٹی کو تعلیمی ویزے پر امریکا بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کیے اور بعد میں رابطہ ختم کر دیا۔ 

ملزم پر چیٹ جی پی ٹی اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے دھوکا دینے کا الزام

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نعمان نے لائبہ کو دھوکا دینے کے لیے مبینہ طور پر چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کیا۔ 

تفتیش میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق ملزم نے 3 اکاؤنٹس بنا کر 3 مختلف افراد کا کردار خود ادا کیا۔ 

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ لائبہ کے سوالات کے جواب دینے کے لیے نعمان چیٹ جی پی ٹی سے مدد لیتا تھا۔ 

پولیس نے مرکزی ملزم نعمان سے ابتدائی تفتیش مکمل کر لی ہے۔ 

تفتیشی ذرائع کے مطابق نعمان کا لائبہ سے پہلا رابطہ مارچ 2023 میں ہوا، جب طالبہ نے ایک انشورنس کمپنی میں انٹرن شپ کے لیے درخواست دی تھی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ نعمان 2022 تک تقریباً 15 سال محکمہ اینٹی کرپشن میں ملازم رہا، تاہم غیر حاضری کے باعث اسے ملازمت سے نکال دیا گیا تھا۔ 

بعد ازاں وہ مختلف انشورنس کمپنیوں میں بطور منیجر کام کرتا رہا۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق نعمان نے 2025 میں اسلام آباد کے بلیو ایریا میں واقع ایک انشورنس کمپنی میں ملازمت اختیار کی۔ 

کمپنی کو سٹاف کی ضرورت تھی، جس پر اس نے لائبہ سے رابطہ کیا۔ لائبہ نے نعمان سے ملاقات کی، لیکن ٹیوشن پڑھانے کی مصروفیت کے باعث دفتر میں ملازمت شروع نہ کر سکی۔ 

بعد میں ملزم نے لائبہ، اس کی بہن اور والدہ کو ایک ٹک شاپ کی ایڈورٹائزنگ کے کام کے لیے رکھ لیا۔ 

امریکی ویزے کے نام پر مبینہ فراڈ کیسے ہوا؟

پولیس ذرائع کے مطابق عائزہ نامی لڑکی ٹک شاپ کو مینج کرکے لائبہ، اس کی بہن اور والدہ کے حوالے کرتی تھی۔ 

عائزہ کا بھائی امریکا میں مقیم تھا، جس کے باعث لائبہ نے امریکی ویزا حاصل کرنے کے لیے نعمان سے عائزہ کی مدد لینے کی درخواست کی۔ 

نعمان نے مبینہ طور پر لائبہ کو یقین دلایا کہ وہ عائزہ کے بھائی کے ذریعے اس کا امریکی ویزا لگوا دے گا۔ 

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے عائزہ کے نام سے ایک اور اکاؤنٹ بنایا اور اس کے ذریعے لائبہ سے بات چیت شروع کر دی۔ 

پولیس کا دعویٰ ہے کہ نعمان نے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے عائزہ اور اس کے بھائی دونوں کا کردار ادا کیا۔ 

ذرائع کے مطابق نعمان نے لائبہ کو مختلف دستاویزات بھیجیں، جن پر طالبہ کو ابتدا میں کوئی شک نہیں ہوا۔ 

ملزم نے پہلے امریکی ویزے کے انٹرویو کی تاریخ یکم ستمبر بتائی، پھر اسے تبدیل کرکے 17 ستمبر اور بعد میں 26 ستمبر کر دیا۔ 

بار بار تاریخ تبدیل ہونے پر لائبہ کو شک ہوا، جس کے بعد اس نے دستاویزات کی جانچ کی تو وہ مبینہ طور پر جعلی نکلیں۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق لائبہ نے اپنے والد سے ایک پلاٹ فروخت کروا کر 21 لاکھ روپے حاصل کیے تھے، جبکہ اپنی سوتیلی والدہ کے زیورات بھی نعمان کے حوالے کیے تھے۔ 

زیورات کی واپسی کا دباؤ اور مزید تحقیقات

تفتیشی ذرائع کے مطابق لائبہ پر اپنی سوتیلی والدہ کے زیورات واپس کرنے کا دباؤ تھا۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ لائبہ نے نعمان سے کہا تھا کہ باقی رقم کا معاملہ بعد میں دیکھ لیا جائے گا، لیکن وہ پہلے اس کی سوتیلی والدہ کے زیورات واپس کر دے۔ 

ذرائع کے مطابق نعمان نے لائبہ کی باتوں کو نظر انداز کرنا شروع کر دیا اور بعد میں اس سے رابطہ مکمل طور پر منقطع کر دیا۔ 

پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ فراڈ اور زیورات کی واپسی کے دباؤ کے بعد لائبہ نے خودکشی کر لی۔ 

دوسری جانب پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم نعمان نے کئی دوسری خواتین کے ساتھ بھی مالی فراڈ کیا ہو سکتا ہے۔ 

تفتیشی ذرائع کے مطابق گرفتاری سے پہلے وقت ملنے پر نعمان نے اپنے موبائل فون کا تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا تھا۔ 

پولیس موبائل فون کا فرانزک معائنہ کروا کر حذف شدہ ڈیٹا واپس حاصل کرنے اور ممکنہ طور پر مزید متاثرہ افراد کی نشاندہی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں