وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف کے نائب سربراہ سے ملاقات، معاشی اصلاحات پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی پیش رفت اور اصلاحاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو سراہا اور معاشی اصلاحات کے لیے مضبوط سیاسی عزم اور ان پر مسلسل عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان کی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں واپسی اور سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت کو بھی اجاگر کیا۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کو ملک کے کمزور طبقات کے تحفظ اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ہدفی فیول سبسڈی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، مسلسل 3 سال بنیادی مالیاتی سرپلس کے حصول اور مجموعی قومی پیداوار کے تناسب سے قرضوں میں کمی کو نمایاں کیا گیا۔
دونوں جانب سے پائیدار معاشی ترقی، پالیسیوں میں تسلسل اور مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر صحت اور تعلیم کے شعبوں کے اخراجات کو تحفظ دینے، زرمبادلہ کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے اور حکومتی محصولات میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
وزیر خزانہ اور آئی ایم ایف کے عہدیدار نے انسانی سرمائے، انفراسٹرکچر اور عوامی خدمات میں سرمایہ کاری کے لیے ضروری وسائل فراہم کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔