Pakistan

کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ مشترکہ آپریشن میں ہلاک

کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ  مشترکہ آپریشن میں ہلاک
۴ گھنٹے پہلے

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ لکی مروت اور سیکیورٹی فورسز نے ایف آر لکی مروت میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ زاہد گل کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق زاہد گل پرانی کوہاٹ پولیس لائنز پر ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی منصوبہ ساز تھا اور دہشتگردی کے متعدد سنگین واقعات میں مطلوب تھا۔ 

محکمے کا کہنا ہے کہ زاہد گل نے پولیس لائنز پر حملے کے لیے استعمال ہونے والی بارود سے بھری خودکش گاڑی کو ہدف تک پہنچنے میں رہنمائی فراہم کی تھی۔ 

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والا مبینہ دہشتگرد دیگر کئی سنگین دہشتگردانہ کارروائیوں میں بھی ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ 

**بلی تنگ بینک ڈکیتی میں ملوث ہونے کا الزام** 

سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا کہ زاہد گل بلی تنگ میں ہونے والی بینک ڈکیتی کے دوران بھی موجود تھا، جہاں سے 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ 

محکمے کے مطابق ڈکیتی سے حاصل ہونے والی رقم بنوں کے علاقوں بکاخیل اور جانی خیل میں سرگرم دہشتگرد تنظیموں میں تقسیم کی گئی تھی۔ 

سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق زاہد گل کے خوارجی گل بہادر گروپ سے قریبی روابط تھے۔ 

حکام نے الزام عائد کیا کہ وہ کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کو پہنچانے اور دہشتگردانہ کارروائیوں کی تیاری میں ملوث رہا۔ 

سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ تقریباً 2 ماہ قبل زاہد گل نئی کوہاٹ پولیس لائنز کو نشانہ بنانے کے لیے بھی ایک خودکش حملہ آور لایا تھا، تاہم اس حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی۔ 

سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل کو ایف آر لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کیے گئے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں