World

نیتن یاہو جھوٹے اور فلسطینی بچوں کی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں،امریکی رکنِ کانگریس

نیتن یاہو جھوٹے اور فلسطینی بچوں کی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں،امریکی رکنِ کانگریس
۱ دن پہلے

امریکی رکن کانگریس رو کھنہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبادکاروں کو کھلی چھوٹ حاصل ہے۔ 

واشنگٹن پوسٹ کی فوٹو جرنلسٹ ہائیڈی لیوائن پر حالیہ حملے کے بعد رو کھنہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو پر بھی سخت تنقید کی۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ 2 الگ الگ پوسٹس میں امریکی رکن کانگریس نے فوٹو جرنلسٹ پر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے نیتن یاہو کو جھوٹا قرار دیا اور ان پر فلسطینی بچوں کی ہلاکتوں کی ذمہ داری عائد کی۔ 

رو کھنہ کے مطابق حملہ آوروں نے فوٹو جرنلسٹ ہائیڈی لیوائن کو اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا اور اس کے بعد انہیں مسلسل ٹھوکریں مارتے رہے۔ 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکا اسرائیل کو دی جانے والی ایسی امداد فوری بند کرے جو آبادکاروں کی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ 

امریکی رکن کانگریس نے ان سرگرمیوں سے متعلق ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا بھی مطالبہ کیا۔ 

رو کھنہ نے جولائی میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے کے علاقے خربۃ زنوتہ میں اسرائیلی آبادکاروں نے انہیں نیویارک ٹائمز کے ایک فوٹوگرافر کے ہمراہ حراست میں رکھا تھا۔ 

ان کے مطابق اس واقعے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔ 

رو کھنہ نے اپنے تازہ بیانات میں مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی کارروائیوں پر تنقید کرتے ہوئے امریکی امداد اور ہتھیاروں کی ایسی فروخت روکنے کے مطالبے کا اعادہ کیا جو ان سرگرمیوں میں استعمال ہو سکتی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں