Pakistan

اسلام آباد ہائیکورٹ کا سونے کی اینٹوں کے بدلے 48 لاکھ روپے کی پیشکش پر عدم اطمینان

اسلام آباد ہائیکورٹ کا سونے کی اینٹوں کے بدلے 48 لاکھ روپے کی پیشکش پر عدم اطمینان
۴ گھنٹے پہلے

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسافر کے بیگ سے برآمد ہونے والی سونے کی اینٹیں واپس کرنے کے بجائے 48 لاکھ روپے ادا کرنے کی پیشکش پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کسٹم کلکٹر کو توہین عدالت کیس میں شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

 

 عدالت نے کسٹم کلکٹر سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ 

سونے کی اینٹیں واپس نہ کرنے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جس قانونی دفعہ کے تحت کارروائی کی گئی، اس میں ضبط شدہ اشیا فروخت کرنے اور حاصل ہونے والی رقم محفوظ رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔ 

تاہم عدالت نے نشاندہی کی کہ متعلقہ دفعہ میں ضبط شدہ اشیا سٹیٹ بینک کے حوالے کرنے یا انہیں ناقابل واپسی قرار دینے کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ 

عدالت نے سوال اٹھایا کہ سونے کی اصل قیمت اور پیش کردہ رقم میں فرق کا مالی نقصان ٹیکس دہندہ کیوں برداشت کرے؟ 

عدالتی حکم نامے کے مطابق حکام اس حوالے سے کوئی تسلی بخش وضاحت پیش نہیں کر سکے کہ سونے کی قیمت میں فرق کا بوجھ متعلقہ شخص پر کیوں ڈالا جائے۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سونے کی اینٹوں کے بدلے 48 لاکھ روپے کی ادائیگی کی پیشکش پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں