Pakistan

12 ترجیحی شعبوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان منظور، شزا فاطمہ

12 ترجیحی شعبوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان منظور، شزا فاطمہ
۲ گھنٹے پہلے

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2035 تک 12 ترجیحی شعبوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان کی منظوری دے دی گئی ہے۔

 

 انہوں نے مصنوعی ذہانت کے لیے عالمی سطح پر مؤثر قانون سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں 10 لاکھ غیر آئی ٹی پیشہ ور افراد کو اے آئی کی تربیت دی جائے گی، جبکہ ایک ہزار پی ایچ ڈی سکالرشپس بھی فراہم کی جائیں گی۔ 

جنوبی کوریا میں گلوبل اے آئی اینڈ ڈیجیٹل سمٹ کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں شہریوں کے حقوق اور ان کے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے شفاف قوانین تشکیل دیے جا رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو مصنوعی ذہانت کے حوالے سے مؤثر قانون سازی اور مناسب قانونی ضابطوں پر توجہ دینا ہوگی۔ 

وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ انڈیکس میں 14 درجے بہتری حاصل کی ہے۔ 

شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ ملک میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے 10 لاکھ ایسے پیشہ ور افراد کو اے آئی کی تربیت دی جائے گی جو آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ نہیں ہیں۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ اعلیٰ تعلیم اور مہارتوں کے فروغ کے لیے ایک ہزار پی ایچ ڈی سکالرشپس بھی فراہم کی جائیں گی۔ 

دوسری جانب وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ سے بھی ملاقات کی۔ 

ملاقات میں پاکستان اور گوگل کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے معاہدوں اور جاری مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں