فیلڈ مارشل عاصم منیر سے نئے سعودی سفیر کی ملاقات، مکہ دفاعی معاہدے پر پیش رفت پر اطمینان
چیف آف ڈیفنس سٹاف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سعودی عرب کے نئے سفیر راجح تامی البقمی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور سٹریٹیجک کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے راجح تامی البقمی کو پاکستان میں سعودی عرب کا نیا سفیر مقرر ہونے پر مبارک باد دی۔
آرمی چیف نے توقع ظاہر کی کہ نئے سعودی سفیر کی تقرری سے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ملاقات میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت تعاون جاری رکھنے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سٹریٹیجک روابط کو مزید فروغ دینے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔