Sports

17 سال بعد پاکستان اور انگلینڈ آج پاکستانی سرزمین پر ون ڈے میچ کھیلیں گے

17 سال بعد پاکستان اور انگلینڈ آج پاکستانی سرزمین پر ون ڈے میچ کھیلیں گے
۱ دن پہلے

ون ڈے ٹرائی سیریز میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان 17 سال بعد پاکستانی سرزمین پر ون ڈے مقابلہ ہوگا۔ سری لنکا کے خلاف افتتاحی میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی قومی ٹیم مسلسل دوسری فتح کے لیے پُرعزم ہے۔ 

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ون ڈے فارمیٹ میں 2023 کے بعد پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی، جبکہ پاکستان میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ون ڈے مقابلہ 17 سال قبل کھیلا گیا تھا۔ 

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 92 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں انگلینڈ نے 57 جبکہ پاکستان نے 32 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تین میچز بے نتیجہ رہے۔ 

انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے کہا ہے کہ برصغیر میں کرکٹ کھیلنا ایک چیلنج ہوتا ہے کیونکہ یہاں کی کنڈیشنز کے مطابق مختلف حکمت عملی تیار کرنا پڑتی ہے۔ 

انہوں نے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر مضبوط حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کو اس مقابلے کے لیے بھرپور تیاری کرنا ہوگی۔ 

پاکستان نے سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو شکست دی تھی اور اب قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف بھی کامیابی حاصل کرکے اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں