آئی سی سی نے انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان کردیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ ٹورنامنٹ 21 جنوری سے بنگلہ دیش اور نیپال میں شروع ہوگا، جہاں 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی اور چار مختلف وینیوز پر مجموعی طور پر 41 میچز کھیلے جائیں گے۔
پہلی بار 2023 میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن میں شریک 16 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہیں۔
میچز بنگلہ دیش کے بیر شریستھا شہید فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان کرکٹ سٹیڈیم چٹگرام اور سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کے علاوہ نیپال کے ٹی یو انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم اور اپر ملپانی انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ، کھٹمنڈو میں کھیلے جائیں گے۔
گروپ اے میں بھارت، آئرلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیپال شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، پاکستان اور ساموا کو رکھا گیا ہے۔
گروپ سی میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نائیجیریا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، جبکہ گروپ ڈی میں انگلینڈ، سری لنکا، امریکا اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز 21 جنوری کو چار میچز کھیلے جائیں گے، جن میں آٹھ ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔ میزبان بنگلہ دیش اپنا پہلا میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گا۔
دوسرا میزبان ملک نیپال 22 جنوری کو آئرلینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، جبکہ دفاعی چیمپیئن بھارت اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کا سامنا کرے گا۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے ٹورنامنٹ کو خواتین کی کرکٹ میں ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا اہم پلیٹ فارم قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی عمر کے گروپ میں اعلیٰ ترین سطح پر مقابلہ کرنے اور بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جو خواتین کی کرکٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سنجوگ گپتا کے مطابق بنگلہ دیش اور نیپال میں 16 ٹیموں کی شرکت سے کرکٹ کی بڑی اور ابھرتی ہوئی اقوام کی کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں کے ذریعے اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔
ٹورنامنٹ کا گروپ مرحلہ 26 جنوری تک جاری رہے گا، جس کے بعد کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں انہیں دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔
سپر سکس کے ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
دونوں سیمی فائنلز 4 فروری کو بیر شریستھا شہید فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ 5 فروری کو ریزرو ڈے مقرر کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 6 فروری کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے کھیلا جائے گا اور 7 فروری کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔