فلم ’مینگو جٹ‘ پر سوشل میڈیا ٹرولنگ، حریم فاروق نے خاموشی توڑ دی
پاکستانی اداکارہ اور پروڈیوسر حریم فاروق نے اپنی نئی پنجابی فلم ’مینگو جٹ‘ کی تشہیر کے دوران لباس اور انداز پر ہونے والی تنقید اور سوشل میڈیا ٹرولنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے تقریباً 10 سال پہلے ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ دوسروں کی باتوں کی پروا نہیں کریں گی۔
حریم فاروق ان دنوں اداکار فیصل قریشی کے ساتھ اپنی فلم ’مینگو جٹ‘ کی تشہیری سرگرمیوں کے باعث خبروں میں ہیں، جہاں ان کے مختلف ملبوسات اور انداز کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
حال ہی میں عمیر علوی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے تقریباً ایک دہائی قبل ہی لوگوں کی رائے کو نظر انداز کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
حریم فاروق کے مطابق تنقید کرنے والے ہوں یا سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کرنے والے افراد، لوگ ہمیشہ کچھ نہ کچھ کہتے رہیں گے، اس لیے ان کی باتوں پر وقت ضائع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر آنے والے تبصرے پڑھتی ہی نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ منفی تبصروں پر توجہ دینے کے بجائے اپنی زندگی میں آگے بڑھنے اور اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھنے کو ترجیح دیتی ہیں۔