پاکستانی ڈراموں کا نیٹ فلکس جیسے پلیٹ فارمز سے موازنہ کرنے کی ضرورت نہیں، عروہ حسین
پاکستانی اداکارہ عروہ حسین نے مقامی ڈراموں کے معیار اور کہانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کو اپنی اہمیت ثابت کرنے کے لیے نیٹ فلکس جیسے بین الاقوامی پلیٹ فارمز سے موازنے کی ضرورت نہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران عروہ حسین نے اس رجحان پر تنقید کی جس میں معیاری پاکستانی ڈراموں کو نیٹ فلکس کے معیار کا قرار دیا جاتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ انہیں اس طرح کا موازنہ غیر مناسب لگتا ہے کیونکہ پاکستانی فنکار اور تخلیق کار اس سے بھی بہتر کام کر رہے ہیں۔
عروہ حسین کے مطابق کسی ڈرامے یا منصوبے کے محض کسی ایپ یا آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم پر نشر ہونے سے اس کا معیار خودبخود بہتر نہیں ہو جاتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیش کیے جانے والے فن اور تخلیقی کام کو اس کی اپنی صلاحیتوں اور معیار کی بنیاد پر پرکھنا چاہیے، نہ کہ دوسرے پلیٹ فارمز سے موازنہ کرکے۔
اداکارہ نے زور دیا کہ پاکستانی ڈراموں کی اصل طاقت ان کی کہانیوں، کام سے لگن اور حقیقی انسانی جذبات کی عکاسی میں ہے۔
عروہ حسین کے مطابق کسی بھی تخلیق میں جذبات کی سچائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور یہی خوبی کہانی کو مؤثر بناتی ہے۔