سردیوں کے لیے ایل این جی کے 18 کارگوز خریدنے کا ہدف مقرر
پاکستان میں سردیوں کے دوران گیس کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایل این جی کے 18 کارگوز خریدنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔ ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق قطر سے کم قیمت ایل این جی درآمد کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر میں سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کو دستیاب مجموعی مقامی گیس کی مقدار ایک ارب 40 کروڑ مکعب فٹ ہے۔
سردیوں کے دوران صرف پنجاب میں گیس کی ضرورت ایک ارب مکعب فٹ تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس سے دستیاب گیس کی فراہمی پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق متوقع طلب پوری کرنے کے لیے موسم سرما میں ایل این جی کے 18 کارگوز خریدنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر سے سستی ایل این جی کی درآمد کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ سپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی کی خریداری کے لیے زیادہ سے زیادہ قیمت 30 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی جا سکتی ہے۔