سٹاک مارکیٹ میں 779 پوائنٹس کی تیزی، سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کا مثبت رجحان رہا اور ہنڈرڈ انڈیکس 779 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 930 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، جبکہ عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا اور ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس 881 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
ٹریڈنگ کے دوران مجموعی طور پر مثبت رجحان برقرار رہا اور کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 779 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 930 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر 13 کروڑ 2 لاکھ 43 ہزار 408 شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 10 ارب 41 کروڑ 83 لاکھ 65 ہزار 961 روپے رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز سٹاک مارکیٹ میں اچانک مندی دیکھنے میں آئی تھی اور ہنڈرڈ انڈیکس 814 پوائنٹس کمی کے ساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 151 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 9 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 120 ڈالر کی سطح پر آگئی۔
پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 900 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 34 ہزار 536 روپے کا ہوگیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 772 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 72 ہزار 544 روپے ہوگئی۔
اسی طرح مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 27 روپے سستی ہوکر 6 ہزار 207 روپے کی ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 23 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 321 روپے ریکارڈ کی گئی۔