Breaking News

پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا نے دفاعی تعاون مضبوط بنانے کیلئے ’بدر‘ معاہدے پر دستخط کر دیے

پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا نے دفاعی تعاون مضبوط بنانے کیلئے ’بدر‘ معاہدے پر دستخط کر دیے
۸ گھنٹے پہلے

پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا نے دفاعی تعاون مضبوط بنانے، عسکری صلاحیتوں میں اضافے اور سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ’بدر‘ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں۔ 

ترک وزارت دفاع کے مطابق چاروں ممالک کے دفاعی نمائندوں نے بدھ کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ 

تقریب میں ترکیہ کے وزیر دفاع یاشار گولر، قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن الثانی، انڈونیشیا کے نائب وزیر دفاع یوسف جوہری اور پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے معاہدے پر دستخط کیے۔ 

اس موقع پر ترکیہ کے دفاعی صنعتوں کے ادارے کے سربراہ ہالوک گورگن بھی موجود تھے۔ 

ترک وزارت دفاع کے مطابق بدر مفاہمتی یادداشت کا بنیادی مقصد فوجی پیداوار میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینا، عسکری صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور تکنیکی فوجی تربیت، تحقیق اور ترقی کے شعبوں میں اشتراک کو وسعت دینا ہے۔ 

وزارت دفاع نے بتایا کہ اس اقدام سے جدید دفاعی نظام میں ہونے والی پیش رفت کے مطابق نئے اور مؤثر حل تیار کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ شریک ممالک کی دفاعی صنعتوں کو بھی ترقی حاصل ہوگی۔ 

ترک وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ یہ مفاہمتی یادداشت چاروں ممالک کے لیے معاشی اہمیت بھی رکھتی ہے، کیونکہ اس کے ذریعے دفاعی پیداواری صلاحیتوں کو یکجا کرنے، باہمی ہم آہنگی بہتر بنانے اور دفاعی صنعتی شعبوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ 

اس تعاون کا ایک اہم مقصد اتحادی اور دوست ممالک کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے مشترکہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا بھی ہے۔ 

ترک وزارت دفاع کے مطابق بدر مفاہمتی یادداشت سے پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا کے درمیان عسکری تعاون میں وسعت اور دفاعی صنعتوں کے باہمی روابط میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ 

بیان میں امید ظاہر کی گئی کہ یہ شراکت داری سلامتی، استحکام اور مشترکہ سٹریٹجک اہداف کے حصول کے لیے چاروں ممالک کے درمیان کثیر ملکی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں