ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی انٹر کلب ٹی 20 ٹورنامنٹ کا ٹائٹل ملک جمخانہ نے اپنے نام کر لیا
اسلام آباد(رپورٹ عدنان نصیر) ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی انٹر کلب ٹی 20 ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز فائنل میں ملک جمخانہ نے گل کرکٹ کلب کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
40 روز تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 140 میچز کھیلے گئے، جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ریجنل صدر چوہدری محمد ارشد تھے۔
فائنل میں گل کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ گل کرکٹ کلب کی جانب سے یاسر خان نے 54، عبدالفصیح نے 41 اور ناصر نواز نے 29 رنز سکور کیے۔
ملک جمخانہ کی جانب سے سعد مسعود اور زاہد منصور نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملک جمخانہ کے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی دکھائی اور آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر ہدف حاصل کرکے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔
ملک جمخانہ کی جانب سے زاہد منصور نے 75 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، جبکہ سعد مسعود 74 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
اختتامی تقریب میں رحمان خان کو ٹورنامنٹ کا بہترین بلے باز جبکہ ابرار شنواری کو بہترین بولر قرار دیا گیا۔ اس موقع پر ٹورنامنٹ کی ٹاپ 20 ٹیموں میں بھی ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں غلام مصطفیٰ، تبارک حسین، راجہ نزاکت، عاشق حسین، جمشید خان، عدنان عباسی، عامر خان، عظیم اللہ، عرفان خان، مصطفیٰ احمد، حارث خان، راجہ فلک، راجہ کبریا، شاہد لطیف، راجہ اشفاق، ریاض احمد، مبشر قصوری، کامران صفدر، ظہور بھٹی، آصف جونیئر اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ریجنل صدر چوہدری محمد ارشد نے اعلان کیا کہ ڈی سی اے کا اگلا ون ڈے کرکٹ ایونٹ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔