پاکستان کے نور زمان نے عالمی نمبر 4 مصر کے کریم عبدالغواد کو شکست دے دی
پاکستان کے سکواش کھلاڑی نور زمان نے امریکا میں جاری سلیکون ویلی اوپن میں بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے دفاعی چیمپیئن اور عالمی نمبر 4 مصر کے کریم عبدالغواد کو 3-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن کے گولڈ ایونٹ میں نور زمان نے 52 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں شاندار کھیل پیش کیا اور 11-9، 11-7، 9-11 اور 11-6 سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی کھلاڑی نے ابتدائی دو گیمز جیت کر برتری حاصل کی، تاہم کریم عبدالغواد نے تیسرا گیم اپنے نام کرکے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی۔
نور زمان نے چوتھے گیم میں دوبارہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح مکمل کی اور ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
کوارٹر فائنل میں نور زمان کا مقابلہ انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے معروف سکواش کھلاڑی محمد الشوربگی سے ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان کے اصحاب عرفان کو دوسرے مرحلے میں محمد الشوربگی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
محمد الشوربگی نے اصحاب عرفان کو 3-0 سے شکست دی۔ تینوں گیمز کے سکور 11-3، 13-11 اور 11-7 رہے۔
سلیکون ویلی اوپن میں مردوں اور خواتین کے مقابلے جاری ہیں، جبکہ ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 2 لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 23 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 24 اکتوبر کو ہوگا۔