ایل پی جی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے پر غور،سلنڈر کی قیمت 10 ہزارسے تجاوز کرنے کا خدشہ
پاکستان میں ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے اور شمالی علاقوں میں قیمت 750 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ حکومت موجودہ ماہانہ نظام کی جگہ ایل پی جی کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے کا طریقہ کار متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔
ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گیس سلنڈر کی قیمت 10 ہزار روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت سردیوں کے دوران گیس کی بڑھتی قیمتوں اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ نظام پر نظرثانی کر رہی ہے۔
مجوزہ طریقہ کار کے تحت ایل پی جی کی قیمتیں ماہانہ بنیادوں کے بجائے روزانہ مقرر کی جاسکیں گی۔
دوسری جانب ایل پی جی درآمد کنندگان نے موجودہ قیمتوں کے تعین کے فارمولے پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ ماہانہ نظام کی جگہ ہفتہ وار یا روزانہ بنیادوں پر نرخ مقرر کیے جائیں۔
حکومت فی الحال اس تجویز پر غور کر رہی ہے اور ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین کے لیے روزانہ بنیادوں پر نیا نظام متعارف کرانے کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔