World

امریکا حوثیوں اور ایران کی دھمکیوں کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں فوجیوں کی تعداد خاموشی سے کم کر رہا ہے: امریکی میڈیا

امریکا حوثیوں اور ایران کی دھمکیوں کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں فوجیوں کی تعداد خاموشی سے کم کر رہا ہے: امریکی میڈیا
۲۴ منٹ پہلے

امریکا حوثیوں کے خطرات اور ایران کی براہِ راست دھمکیوں کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں قائم فوجی اڈوں پر تعینات امریکی اہلکاروں کی تعداد خاموشی سے کم کر رہا ہے۔ 

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نے ایک امریکی عہدیدار اور سینئر فوجی اہلکار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ واشنگٹن خطے میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر مختلف فوجی اڈوں سے اپنے اہلکاروں کی موجودگی بتدریج کم کر رہا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کی وجہ حوثیوں کی جانب سے لاحق خطرات اور ایران کی براہِ راست دھمکیاں ہیں۔ 

امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹِم ہاکنز نے اس حوالے سے کہا کہ امریکی فوج مختلف مشنز کے لیے آپریشنل تیاری بہتر بنانے کی غرض سے معمول کے مطابق اپنے اہلکاروں اور سازوسامان کی نقل و حرکت کرتی رہتی ہے۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر فوجی اہلکاروں اور سازوسامان کی نقل و حرکت سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کی جاتیں۔ 

کیپٹن ٹِم ہاکنز کے مطابق امریکی افواج مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اہلکاروں اور مفادات کے تحفظ کے لیے بدستور چوکس اور تیار ہیں۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب کے شہر دمام میں کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے بعد امریکی محکمۂ خارجہ نے سعودی عرب میں تعینات امریکی حکومت کے غیر ہنگامی عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں