Business

پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند، اب مارکیٹ میں صرف 10 کلو کا تھیلا دستیاب ہوگا

پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند، اب مارکیٹ میں صرف 10 کلو کا تھیلا دستیاب ہوگا
۱ منٹ پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرکے صرف 10 کلو کا بیگ مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ گندم اور آٹے کی سمگلنگ روکنے کے لیے بین الصوبائی سرحدوں پر سخت نگرانی اور تمام اضلاع میں گندم کی بوائی کے اہداف ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔ 

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اعلیٰ سطح کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں، گندم کی کاشت کے اہداف، زرعی منصوبوں اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت بند کردی جائے گی اور مارکیٹ میں صرف 10 کلو آٹے کا بیگ متعارف کرایا جائے گا۔ 

وزیراعلیٰ نے گندم اور آٹے کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے بین الصوبائی بارڈرز پر کڑی نگرانی کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ 

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں گندم کی بوائی کے مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کرنے کا بھی حکم دیا۔ 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نمبردار، گھوڑی پال اور اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیموں کے تحت دستیاب تمام متعلقہ سرکاری اور سکیم کی اراضی پر گندم کی کاشت لازمی ہوگی۔ 

اشیائے خورونوش کی قیمتوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیا کے نرخ مستحکم ہیں، جبکہ مزید 10 اشیا کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ 

بریفنگ میں بعض اشیا کی قیمتوں میں 252 فیصد تک کمی کا دعویٰ بھی کیا گیا۔ 

وزیراعلیٰ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی کے لیے قیمت ایپ کو مزید اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی۔ 

انہوں نے رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو کیلا، سیب اور کھجور کنٹرول نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے پیشگی انتظامات کی ہدایت بھی کی۔ 

مریم نواز نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو حکم دیا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کے کولڈ سٹوریجز میں رمضان کی متوقع ضرورت کے مطابق ان پھلوں کا مناسب ذخیرہ یقینی بنائیں۔ 

اجلاس میں زرعی مارکیٹنگ، پھلوں اور سبزیوں کی دستیابی اور منڈیوں کے نظام میں بہتری کے لیے متعدد نئے منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی۔ 

حکام نے بتایا کہ کاہنہ میں سبزیوں اور پھلوں کے لیے پنجاب کے پہلے منڈی مارٹ منصوبے کا آغاز کردیا گیا ہے، جسے جلد مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز کے منڈی مارٹس قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ زرعی اجناس کی خرید و فروخت اور فراہمی کا نظام بہتر بنایا جاسکے۔ 

پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ ان ٹو ویلتھ کے نام سے جدید نظام متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کا مقصد منڈیوں کے فضلے کو قابل استعمال وسائل میں تبدیل کرنا ہے۔ 

اس کے علاوہ پامرا کے تحت آف سیزن پھلوں اور سبزیوں کی مسلسل دستیابی یقینی بنانے کے لیے ڈی ہائیڈریشن پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی۔ 

اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں کھلے دودھ کی فروخت کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بنانے اور اس کی مکمل ریگولیشن کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔ 

انہوں نے ہدایت کی کہ کھلے دودھ کی فروخت کے نظام کی نگرانی بہتر بنائی جائے اور صارفین کو محفوظ اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں