Entertainment

سنسر بورڈ کے اعتراضات کالعدم،فلم ’گھوسٹ سکول‘30اکتوبر کوسندھ، پنجاب میں ریلیز ہوگی

سنسر بورڈ کے اعتراضات کالعدم،فلم ’گھوسٹ سکول‘30اکتوبر کوسندھ، پنجاب میں ریلیز ہوگی
۱ منٹ پہلے

سندھ میں تعلیمی مسائل، غیر فعال سکولوں اور بچیوں کی تعلیم جیسے اہم موضوعات پر بنائی گئی پاکستانی فلم ’’گھوسٹ سکول‘‘ کی نمائش میں حائل قانونی رکاوٹیں ختم ہوگئیں۔ تین ماہ طویل قانونی جدوجہد کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے فلم کی ریلیز کی راہ ہموار کردی ہے، جس کے بعد اسے 30 اکتوبر کو پنجاب اور سندھ کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ 

ہدایت کارہ سیماب گل کی فلم گھوسٹ سکول کو سینٹرل اور پنجاب سنسر بورڈز پہلے ہی نمائش کے سرٹیفکیٹ جاری کرچکے تھے، تاہم سندھ سنسر بورڈ نے فلم کے بعض مناظر اور مبینہ متنازع مکالموں پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے اس کی نمائش روک دی تھی۔ 

سندھ سنسر بورڈ نے فلم کے کچھ حصے حذف کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا، جس کے باعث اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی۔ 

سنسر بورڈ کے فیصلے اور نمائش میں طویل تاخیر کے خلاف فلم کی ہدایت کارہ سیماب گل نے سندھ ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کی۔ 

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس عدنان اقبال چوہدری پر مشتمل آئینی بینچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سندھ سنسر بورڈ کے بیشتر اعتراضات کالعدم قرار دے دیے۔ 

عدالتی سماعت کے دوران فلم سازوں نے ایک بچے کے کردار کی جانب سے ادا کیے گئے نامناسب جملے کو رضاکارانہ طور پر فلم سے حذف کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ 

اس رضامندی کے بعد عدالت نے سندھ سنسر بورڈ کو ہدایت کی کہ فلم کو مناسب اور کم سے کم پابندی والی کیٹیگری میں نمائش کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے اور غیر ضروری کٹ چھانٹ سے گریز کیا جائے۔ 

ہدایت کارہ سیماب گل کے مطابق عدالتی فیصلے اور متعلقہ قانونی معاملات طے پانے کے بعد فلم کی نمائش کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ فلم گھوسٹ سکول اب 30 اکتوبر کو پنجاب اور سندھ کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ 

فلم کی عکس بندی بنیادی طور پر کراچی کے نواحی علاقوں، جن میں چشمہ گوٹھ بھی شامل ہے، میں کی گئی ہے۔ 

گھوسٹ سکول میں پاکستان کے دیہی علاقوں کو درپیش تعلیمی بحران، سرکاری ریکارڈ میں موجود لیکن عملی طور پر بند یا غیر فعال سکولوں اور بچیوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو موضوع بنایا گیا ہے۔ 

فلم کے ذریعے تعلیمی نظام کے دیرینہ مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب شائقین کو یہ فلم سینما گھروں میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں