Entertainment

اداکارہ کومل عزیز خان کا شوبز انڈسٹری کو مستقل طور پر خیرباد کہنے کا اعلان

اداکارہ کومل عزیز خان کا شوبز انڈسٹری کو مستقل طور پر خیرباد کہنے کا اعلان
۱ منٹ پہلے

پاکستانی اداکارہ کومل عزیز خان نے شوبز انڈسٹری کو مستقل طور پر خیرباد کہنے کا اعلان کردیا ہے۔ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ پانچ برس سے عملی طور پر اداکاری سے دور ہیں اور اس عرصے میں انہوں نے اپنے کاروبار، مالی خودمختاری اور ذاتی زندگی پر توجہ مرکوز رکھی۔ انہوں نے واضح کردیا کہ اب ان کا شوبز میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں۔ 

جمعے کے روز انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں کومل عزیز خان نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ پانچ سال اپنی زندگی کو ایک نئی سمت دینے اور شوبز سے ہٹ کر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش میں گزارے۔ 

اداکارہ کے مطابق اس عرصے میں وہ یہ جاننا چاہتی تھیں کہ آیا وہ ایک کامیاب کاروبار قائم کرسکتی ہیں اور اس شعبے سے دور رہ کر بھی اپنی زندگی میں آگے بڑھ سکتی ہیں جو کبھی ان کی شناخت کا اہم حصہ تھا۔ 

کومل عزیز خان نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برس ان کے لیے خود شناسی، خود سے محبت اور ذاتی طور پر سنبھلنے کا سفر ثابت ہوئے۔ 

انہوں نے کہا کہ شہرت اور شوبز کی چکاچوند سے دور رہنے کے دوران انہیں اپنی ذات کو بہتر انداز میں سمجھنے اور ذہنی و روحانی سکون حاصل کرنے کا موقع ملا۔ 

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعض اوقات زندگی میں حقیقی سکون اور اطمینان حاصل کرنے کے لیے انسان کو ان چیزوں سے بھی دور ہونا پڑتا ہے جن سے وہ طویل عرصے سے وابستہ رہا ہو۔ 

کومل عزیز خان کے مطابق انہوں نے شوبز کو مستقل خیرباد کہنے کا باضابطہ اعلان کرنے کے لیے اس وقت کا انتظار کیا جب وہ اپنی زندگی اور کاروبار میں نسبتاً بہتر مقام حاصل کرچکی تھیں۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کو طویل عرصے سے ٹیلی ویژن پر نظر نہ آنے اور اداکاری سے دور رہنے کی وجہ بتانا چاہتی تھیں تاکہ ان کی غیر موجودگی سے متعلق سوالات کا جواب مل سکے۔ 

اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کومل عزیز خان نے بتایا کہ انہوں نے تاحال شادی نہیں کی، تاہم انہیں یقین ہے کہ زندگی میں ہر چیز اپنے مقررہ وقت پر ہوتی ہے۔ 

اداکارہ نے اپنے مداحوں سے اچھے نصیب، مستقبل کی خوشیوں اور کاروبار میں کامیابی و برکت کے لیے دعا کرنے کی درخواست بھی کی۔ 

کومل عزیز خان نے برسوں تک ملنے والی محبت اور حمایت پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اتنی محبت ملی جس کی وہ کبھی کبھی خود کو مستحق بھی نہیں سمجھتی تھیں۔ 

واضح رہے کہ کومل عزیز خان آخری مرتبہ 2021 میں نشر ہونے والے ڈرامے ’’مہلت‘‘ میں نظر آئی تھیں۔ 

اسی سال ایک سوال و جواب کے سیشن کے دوران انہوں نے پاکستانی اداکاروں کی مقبولیت اور شوبز انڈسٹری کی چمک دمک سے متعلق بعض سوالات بھی اٹھائے تھے، جنہیں اس وقت ان کی بدلتی ہوئی سوچ کا اشارہ سمجھا گیا تھا۔ 

اب پانچ برس کی دوری کے بعد اداکارہ نے شوبز میں واپس نہ آنے کا فیصلہ باضابطہ طور پر واضح کردیا ہے اور اپنی توجہ کاروبار اور ذاتی زندگی پر مرکوز رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں